اسلام آباد:12/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو آئی ایس آئی سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کو چیف آف جنرل سٹاف تعینات کر دیا گیا۔ فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کو چیف آف جنرل سٹاف جبکہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی کو نینشل ڈیفنس یونیورسٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ کے فوج کے سربراہ کا عہدے سنبھالنے کے بعد فوج میں بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے کی گئی ہیں۔ پاک فوج میں اہم عہدوں پر کچھ مزید لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کو آئی جی آرمز تعینات کر دیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر تھے۔کور کمانڈر پشاور لفٹیننٹ جنرل حیات الرحمان کو آئی جی ٹریننگ اینڈ ایویلوایشن تعینات کر دیا گیا۔حال ہی میں ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل ڈی جی ایف ڈبلیو او کے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔ لفٹیننٹ جنرل قاضی اکرام کو چیف آف لاجسٹک تعینات کر دیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل شیر افگن کو کور کمانڈر بہاولپور تعینات کر دیا گیا ہے۔ لفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ کو کور کمانڈر پشاور تعینات کر دیا گیا ہے۔ لفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز کو آئی جی سی اینڈ آئی پی تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ لفٹیننٹ جنرل نعیم اشرف کو چیئرمین ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا تعینات کر دیا گیا ہے۔